بھٹکل 16/اکتوبر (ایس او نیوز) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے ضلع صدر توفیق بیاری نے یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سرسی پولیس سرکل انسپکٹر گریش بھٹ ایس ڈی پی آئی کے تعلق سے ایک متعصب ذہنیت والا آفیسر ہے۔
سرسی میں مصنف نامی نوجوان کو پولیس کے ذریعے زد وکوب کیے جانے کے سلسلے میں بھٹکل میں ایس ڈی پی آئی کے ضلعی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بات چیت کرتے ہوئے توفیق بیاری نے کہا مصنف جب اپنے دوست کی گاڑی کے انشورنس کاغذات دینے کے لئے پولیس اسٹیشن پہنچا تو سرکل انسپکٹرگریش نے اسے اپنے کمرے میں اس کا فون لینے کے بعداس سے پوچھا کہ ”ابھی بھی تم ایس ڈی پی آئی سے جڑے ہو؟ کیا تم سمجھتے ہو کہ میں سرسی میں ایس ڈی پی آئی کی سرگرمیاں جار ی رکھنے دوں گا؟“پھر اس کے بعد دو پولیس اہلکاروں نے مل کر مصنف کی پیٹائی کی ہے۔پھر نیومارکیٹ پولیس اسٹیشن میں لے جاکر شام تک وہاں بٹھائے رکھنے کے بعد اس کے خلاف دفعہ 110کے تحت کیس داخل کیا گیا ہے۔
توفیق بیاری نے بتایا کہ مصنف پچھلے کچھ برسوں سے بیمار چل رہا ہے۔ اب پولیس کے ظلم وستم کی وجہ سے مزید اس کی طبعیت بگڑ گئی ہے، اور اسے علاج کے لئے منگلورو اسپتال میں داخل کیاگیا ہے۔ سی پی آئی گریش بھٹ نے اس سے قبل بھی ایسا سلوک کیا ہے۔ اس لئے سی پی آئی کو فوری طور پر معطل کیا جاناچاہیے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر بھٹکل اسمبلی حلقے کے ایس ڈی پی آئی صدر وسیم اور رکن جلال الدین موجود تھے۔